پاک فضائیہ نے دنیا پر واضح کر د یا پاکستان امن کا خواہاں ضرور ہے، مگر دفاع پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا،فوج نے تاریخ رقم کردی
پاکستان کے ایک ایک انچ کی حفاظت ہمارے ایمان اور میرے حلف کا حصہ ہے‘ پوری قوم مسلط کی گئی جنگ میں پاک فوج کیساتھ ہے
لاہور(سپیشل رپورٹر )وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف نے پاک فضائیہ کو بھارت کے 5 جنگی طیارے مار گرانے پر شاندار الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کیا۔اپنے بیان میں وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ بھارت کا غرور، تکبر اور جھوٹا پروپیگنڈا فضائوں میں جل کر راکھ ہو چکا ہے، پاک فضائیہ نے دنیا پر واضح کر دیا ہے کہ پاکستان امن کا خواہاں ضرور ہے، مگر دفاع پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔انہوں نے کہا کہ یہ صرف دفاع نہیں، پاک فوج نے تاریخ رقم کر دی، پاکستان نے دنیا کو بتا دیا ہے کہ یہ پاکستان ہے اسے آزمانے والے ہمیشہ پچھتاتے ہیں۔مریم نواز کا مزید کہنا تھا کہ قوم کو اپنی افواج پر فخر ہے، اپنے جوانوں اور پائلٹس کو سلام پیش کرتے ہیں۔ پاکستان کے ایک ایک انچ کی حفاظت ہمارے ایمان اور میرے حلف کا حصہ ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب کی سرزمین غازیوں اور شہدا کی امین ہے اور اس سرزمین پر بہنے والا معصوموں کا خون ہم پر قرض ہے۔ پوری قوم پاکستان پر مسلط کی گئی اس جنگ میں پاک فوج کیساتھ کھڑی ہے۔