مصطفی قتل کیس: ملزم کی عدم پیشی پر عدالت برہم

کراچی(آئی این پی )سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں مصطفی قتل کیس کے اہم مرحلے پر سابق منتظم جج انسداد دہشت گردی عدالت سید ذاکر حسین کی درخواست پر سماعت ہوئی، جس میں مقتول مصطفی عامر کی والدہ اور مقدمے کی مدعیہ کے وکیل بھی پیش ہوئے۔سماعت کے دوران عدالت نے متعدد بار ملزم ارمغان کی عدم حاضری پر برہمی کا اظہار کیا۔ عدالت نے استفسار کیا کہ ملزم کہاں ہے اور کیا نوٹس کی تعمیل نہیں ہوئی؟ عدالتی عملے نے موقف اختیار کیا کہ ملزم کو نوٹس کی تعمیل سینٹرل جیل میں کرادی گئی تھی، لیکن پھر بھی وہ پیش نہیں ہوا۔جسٹس عقیل احمد عباسی نے ریمارکس دئیے کہ سوشل میڈیا پر پوسٹ آنے سے آپ لوگ کیوں گھبرا جاتے ہیں؟ نا ہی ہم کیس کے میرٹ پر بات کر رہے ہیں اور نا ہی کیس کو متاثر ہونے دیں گے۔