پاک فضائیہ کے دلیر اور جانباز شاہینوں نے دشمن کا غرور خاک میں ملا دیا مریم نواز

وزیراعلی نے پرچم کشائی کر کے تقریبات کا  آغاز کیا، تقریب میں صوبائی وزرا ، مشیروں، معاونین خصوصی ،اعلی  سرکاری افسروں کی شرکت
 آپریشن بنیان مرصوص فوج اور  قوم کے غیر متزلزل اتحاد کا مرہون منت ہے، امن کے داعی ہیں مگر جارحیت کا منہ توڑ جواب دینگے:وزیراعلی
 لاہور(سپیشل رپورٹر )وزیراعلی مریم نواز شریف کی ہدایت پر پنجاب بھر میں یوم تشکر ومعرکہ حق وباطل کی پروقار تقریبات کا  انعقاد کیا گیا ۔وزیراعلی نے پرچم کشائی کر کے تقریبات کا باقاعدہ آغاز کیا، تقریب میں صوبائی وزرا ، مشیران، معاونین خصوصی ،اعلی صوبائی سرکاری افسران نے شرکت کی، پنجاب پولیس کے چاق وچوبند دستے نے قومی پرچم کو سلامی پیش کی، تقریب میں قومی ترانہ پیش کیا گیا، شہدا کو خراج تحسین اور دعا بھی کی گئی۔وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں یوم تشکر ومعرکہ حق کی تقریبات میں عوام نے  بھرپور شرکت کی ۔وزیراعلی مریم نواز شریف نے اس موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ قوم کو فتح مبارک ہو، پاک فضائیہ کے دلیر اور جانباز شاہینوں نے متکبر دشمن کا غرور خاک میں ملا دیا، افواج پاکستان کی شاندار کامیابی اور فتح پر اللہ تعالی کا شکر بجا لاتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ آپریشن بنیان مرصوص نڈر لیڈرشپ، دلیر افواج پاکستان اور متحد قوم کے غیر متزلزل اتحاد کا مرہون منت ہے، امن کے داعی ہیں مگر جارحیت کا منہ توڑ جواب دیں گے۔