سگ گزیدہ 3سالہ بچی کے علاج میں غفلت پر وزیراعلیٰ کا نوٹس

کمسن خدیجہ کو محکمہ ہیلتھ، تحصیل انتظامیہ نے ٹی ایچ کیو ہسپتال منتقل کردیا، علاج جاری
 گگومنڈی(خصوصی رپورٹ)گگو منڈی میں کتے کے کاٹے سے متاثرہ کمسن بچی کے علاج میں غفلت کی خبرپروزیراعلیٰ کانوٹس، محکمہ ہیلتھ اورتحصیل انتظامیہ کی ٹیمیں بچی کے گھرپہنچ گئیں،متاثرہ بچی کوعلاج کیلئے ٹی ایچ کیوہسپتال منتقل کردیا گیا۔ حصاریہ کالونی کی رہائشی 3سالہ خدیجہ کوپانچ ماہ قبل کتوں نے کاٹ کرزخمی کردیاتھا،بچی کے والدین نے الزام لگایاتھاکہ خدیجہ کوزخمی حالت میں سرکاری ہسپتال گگومنڈی لے کرگئے توڈیوٹی پرموجودڈاکٹرشاہدنے علاج میں غفلت کامظاہرہ کرتے ہوئے معمولی مرہم پٹی کرکے بچی کوگھربھیج دیاتھا،کتے کے کاٹے کامناسب علاج نہ ہونے سے بچی کی حالت بگڑگئی۔اس بارے خبروں کی اشاعت پروزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازنے فوری نوٹس لیتے ہوئے محکمہ صحت اوردیگرسرکاری اداروں سے رپورٹ طلب کرلی جس پرسی ای اوہیلتھ کی ہدایت پرایس ایم اوآر ایچ سی گگومنڈی ڈاکٹرثاقب اسحاق ،سینٹری انسپکٹرعلی اصغر،نائب تحصیلدارمحمدشکیل،حلقہ پٹواری اسلم فراز،سیکرٹری یونین کونسل محمدمشتاق چشتی اوردیگراہلکاروں پرمشتمل ٹیم متاثرہ بچی کے گھرپہنچ گئی۔ متاثرہ بچی کے والدین نے ٹیم کوبتایاکہ بچی کے زخم توٹھیک ہوگئے تاہم ابھی تک بچی کی دماغی حالت ٹھیک نہیں ،وقتاًفوقتاًچیخیں مارتی اورسرمیں شدیددردکی شکایت کرتی رہتی ہے۔محکمہ صحت کی ٹیم نے متاثرہ خدیجہ بی بی کوبرائے علاج معالجہ تحصیل ہیڈکوارٹرز ہسپتال بوریوالاپہنچادیا، جہاں اس کاعلاج شروع کردیاگیاہے۔