259 ملین کا سیکنڈل ، اداکارہ دیدار کا شوہر ملوث نکلا،گرفتار

بیرون ملک ملازمتوں  کا جھانسہ دے کر شہریوں سے کروڑوں  وصول کئے‘ایف آئی اے کی کارروائی
 لاہور(آئی این پی ) بیرون ملک ملازمت کی آڑ میں 259 ملین کے اسیکنڈل میں معروف اداکارہ کا شوہر ملوث نکلا، جسے پولیس نے گرفتار کرلیا  ۔تفصیل کے مطابق وفاقی تحقیقاتی ادارے نے بیرون ملک ملازمتوں کے جھانسے میں شہریوں سے کروڑوں روپے بٹورنے والے بڑے گروہ کے خلاف کریک ڈائو ن کرتے ہوئے سٹیج اداکارہ دیدار کے شوہر جہانزیب کو گرفتار کر لیا  ۔ایف آئی اے اسلام آباد اور لاہور زون نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے لاہور میں ملزم کے ٹھکانے پر چھاپہ مارا۔انسپکٹر عبداللہ کیانی کی سربراہی میں جانے والی ٹیم کو اس وقت شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جب ملزم کے آٹھ مسلح گارڈز نے ٹیم کا راستہ روکنے کیلئے  مزاحمت کی، صورتحال کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے پنجاب پولیس کی اضافی نفری طلب کی گئی، جس کے بعد ملزم کو حراست میں لے لیا گیا۔ابتدائی تحقیقات کے مطابق یہ سکینڈل تقریبا 259 ملین(   25 کروڑ 90 لاکھ)  روپے کا ہے، جس میں ہزاروں معصوم شہریوں کو بیرون ملک بھرتیوں کا جھانسہ دے کر لوٹا گیا۔ملزم جہانزیب ایف آئی اے اسلام آباد زون کو مطلوب تھا، اس نے اسلام آباد کے سیکٹر جی الیون   میں دفتر قائم کر رکھا تھا، جہاں سے وہ روپوش ہو کر لاہور منتقل ہو گیا تھا اور وہاں بھی یہی دھندہ جاری رکھا ہوا تھا۔اسٹیج اداکارہ دیدار بھی مبینہ طور پر اپنے شوہر کے ساتھ اس غیر قانونی کام میں شامل رہی ہیں، جس کی تفتیش کی جا رہی ہے۔