آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل) نے خیبر پختونخوا کے ضلع کوہاٹ میں باراگزی ایکس 1 نامی کنویں میں خام تیل اور گیس دریافت کرنے کا اعلان کیا ہے۔
او جی ڈی سی ایل نے بتایا کہ اس دریافت میں نشپا ایکسپلوریشن لائسنس کے تحت 65 فیصد آپریٹر ہونے کے ناطے پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ اور گورنمنٹ ہولڈنگز لمیٹڈ کے ساتھ مشترکہ منصوبے کے تحت کامیابی حاصل ہوئی۔ ڈرلنگ کے دوران ڈاٹا فارمیشن (جراسک دور) میں یومیہ 4,100 بیرل تیل اور 10.5 ملین سٹینڈرڈ کیوبک فٹ گیس حاصل ہوئی، جبکہ ویل ہیڈ فلوئنگ پریشر 3,880 پی ایس آئی جی ریکارڈ کیا گیا۔یہ کنواں 30 دسمبر 2024 کو تحقیقاتی مقصد کے لیے کھودا گیا تھا اور 5,170 میٹر کی کل گہرائی تک پہنچا۔ دریافت شدہ ذخائر ملکی توانائی کی طلب و رسد کے فرق کو کم کرنے میں مددگار ثابت ہوں گے اور او جی ڈی سی ایل اور اس کے پارٹنرز کے ہائیڈروکاربن ذخائر میں اضافہ کریں گے۔