نیل گائے ریسکیو وائلڈ لائف پارک منتقل ،ملزم مرغابی،فاختہ کا شکار کر رہے تھے
لاہور (خصوصی رپورٹ) محکمہ وائلڈ لائف نے نایاب جنگلی نیل گائے ریسکیو کرنے سمیت مرغابی اور فاختہ کے 8 غیر قانونی شکاریوں کو گرفتارکر کے بھاری جرمانے کر دئیے ۔اتوار کو ترجمان کے مطابق وائلڈ لائف سٹاف راولپنڈی نے نر نیل گائے ریسکیو کر کے لوئی بھر وائلڈ لائف پارک منتقل کرکے تحقیقات شروع کر دیں۔اسسٹنٹ چیف وائلڈلائف رینجر ضلع میانوالی محمد عمران نے ٹیم کے ہمراہ فاختہ کے 3غیر قانونی شکاریوں کو گرفتار کر کے 1 لاکھ 54 ہزار روپے جرمانہ کیا۔اسسٹنٹ چیف وائلڈ لائف رینجر ضلع ڈی جی خان سدر المنتہی نے تحفظ شدہ جنگلی پرندوں کے2غیر قانونی قابضین سے1 را طوطا،1 گانی دار طوطا اور3لو برڈز بر آمد کر کے وائلڈ لائف ایکٹ کی خلاف ورزی پر چالان اور50 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا جبکہ ضبط شدہ پرندے ڈی جی خان زو آزاد کر دئیے۔ اسسٹنٹ چیف وائلڈ لائف رینجر ضلع قصور ڈاکٹر محمد فیاض نے بھی اپنی ٹیم کے ہمراہ مرغابی کا ایک غیر قانونی شکاری گرفتار کر کے اسے 30 ہزار جرمانہ کیا۔اسی طرح اسسٹنٹ چیف وائلڈ لائف رینجر ضلع جھنگ محمد اکرم شاہد نے اپنی ٹیم کے ہمراہ تحصیل احمد پورسیال سے مرغابی کے2 شکاریوں کا چالان کر کے انہیں 45 ہزار روپے جرمانہ کیا۔