جنگلی جانوروں کے 5غیر قانونی شکاری گرفتار

ناجائز رکھے گئیطوطوں کی بڑی کھیپ بر آمد کر کے چالان عدالت میں پیش ، شکاریوں کو جرمانے 
لاہور(خصوصی رپورٹ )مختلف اضلاع سے5غیرقانونی شکاری گرفتار کرکے انہیں ایک لاکھ سے زائدجرمانہ عائد کیاگیا۔ ترجمان کے مطابق اسسٹنٹ ڈائریکٹر وائلڈ لائف قصور ڈاکٹر محمد فیاض نے اپنی ٹیم کے ہمراہ ضلع کے دو مختلف مقامات پر چھاپوں کے دوران کتوں کیساتھ جنگلی سور اور جنگلی پرندوں کے غیر قانونی شکار میں ملوث 2شکاریوں کو 50ہزار جرمانہ کرکے کیس نمٹا دیئے۔ ایک دوسری کارروائی میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر وائلڈ لائف اوکاڑہ شہباز مان نے جنگلی پرندوں کے 1شکاری کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر کے 35ہزار جرمانہ کر کے کیس نمٹا دیا۔ ایسی ہی ایک اور کامیاب کارروائی کے دوران اسسٹنٹ ڈائریکٹر وائلڈ لائف پاکپتن منور حسین نجمی نے اپنی ٹیم کے ہمراہ پاکپتن کینال سے نایاب کچھو ئوں کے غیر قانونی شکار میں مشغول 2 شکاریوں کو موقع پر گرفتار کر کے 20ہزار روپے جرمانہ کر کے کیس نمٹا دیا۔ اسی طرح کی ایک مزید کامیاب کوشش کے نتیجے میں ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈ لائف گجرات ریجن ارفع بتول نے اسسٹنٹ ڈائریکٹر وائلڈ لائف گجرات مستنصر گوندل کے ہمراہ سرچ وارنٹ کے بعدایک عمارت سے ناجائز رکھے طوطوں کی بڑی کھیپ بر آمد کر کے چالان عدالت میں پیش کیا ،تاہم عدالت نے کیس کا فیصلہ تاحال نہیں کیا۔