ملزمان کو ایک لاکھ سے زائد جرمانہ، پرندے قدرتی ماحول میں آزاد
لاہور(خصوصی رپورٹ)سینئر وزیر مریم اورنگزیب کی ہدایت پر وائلڈلائف کومبنگ آپریشن جاری ہے ، چیف وائلڈلائف رینجر مبین الٰہی کی زیر نگرانی پنجاب بھر میں کارروائیوں کا سلسلہ جاری ، کامیاب کارروائیاں گوجرانوالہ ،نارووال،راجن پور ،مظفر گڑھ اور ڈی جی خان میں کی گئیں ،کارروائیوں کے دوران تیتر،طوطوں اور فاختہ کے 7 غیر قانونی شکاری گرفتار کئے گئے ،جن سے درجن کے لگ بھگ تیتر،طوطے اور فاختائیں بر آمدکر لی گئیں۔وائلڈلائف رینجرز نارووال نے ظفروال سے مسکن سے بھٹکی ایک پینگولن ریسکیو کرلی، ملزمان کو وائلڈ لائف ایکٹ کی خلاف ورزی پر ایک لاکھ سے زائد جرمانہ کیا گیا جبکہ تمام جنگلی پرندے قدرتی ماحول میں آ زاد کر دیئے گئے ، پینگولن کو بھی اپنے مسکن میں آ زاد کردیا گیا۔، ڈی جی وائلڈ لائف مبین الٰہی نے کہا کہ پنجاب میں غیر قانونی شکار ،کاروبار اور سمگلنگ ممنوعہ ہے ،تحفظ شدہ جنگلی جانوروں و پرندوں کی بازیابی یقینی بنائی جائے گی۔