ویب ڈیسک: پاکستانی ماڈل اور اداکارہ نادیہ حسین کے شوہر عاطف خان کے خلاف کروڑوں روپے کے بینک فراڈ کیس میں اہم پیش رفت ہوئی ہے۔
کراچی میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کی عدالت میں کروڑوں روپے کے بینک فراڈ کے مقدمے کی سماعت ہوئی، جس میں نادیہ حسین کے شوہر عاطف خان کے شریک ملزم فیصل محمود شیخ کی درخواست ضمانت پر فیصلہ کیا گیا۔ عدالت نے فیصل محمود شیخ کی عبوری ضمانت میں 24 مارچ تک توسیع کر دی۔ملزم فیصل محمود شیخ 2016 سے 2019 تک بینک الفلاح سیکیورٹیز کے چیف فنانس آفیسر رہے تھے۔ تفتیشی افسر کو پولیس فائل اور پیش رفت رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
وکیل صفائی کا کہنا تھا کہ فیصل محمود شیخ کا مقدمے سے کوئی تعلق نہیں ہے، تاہم مدعی کے وکیل بیرسٹر اسد اشفاق نے کہا کہ یہ وائٹ کالر کرائم ہے اور تفتیش میں سب کچھ سامنے آ جائے گا۔ ایف آئی اے نے بینک سیکیورٹیز ہیڈ کی شکایت پر مقدمہ درج کیا تھا۔یاد رہے کہ بینک الفلاح سیکیورٹیز میں 540 ملین روپے کی خرد برد کے الزام میں ایف آئی اے نے 8 مارچ 2025 کو نادیہ حسین کے شوہر عاطف خان کو گرفتار کیا تھا، جنہیں اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے مالیاتی دھوکا دہی میں ملوث پایا گیا تھا۔