وفاقی وزیر صحت نے بچوں کو ویکسین پلانے سے انکاری خاندانوں کے مسئلے پر تفصیلی رپورٹ طلب کرلی
کراچی (آئی این پی ) وفاقی وزیر برائے قومی صحت سید مصطفی کمال نے کہا ہے کہ کراچی کے سیوریج کے نمونوں میں پولیو وائرس کی مسلسل موجودگی تشویش ہے، پولیو کا مکمل خاتمہ قومی ترجیح ہے، پولیو فری پاکستان کے لیے جدید اور مربوط حکمت عملی ناگزیر ہے، پولیو کے خاتمے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں، وفاقی حکومت سندھ کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرے گی۔ وفاقی وزیر صحت سید مصطفی کمال نے صوبائی ایمرجنسی آپریشن سینٹر برائے پولیو کراچی کا دورہ کیا، صوبائی کو آرڈینیٹر ارشاد علی سوڈھر نے وزیر صحت کو پولیو کی موجودہ صورتحال، جاری ویکسی نیشن مہمات اور درپیش چیلنجز پر بریفنگ دی، وزیر صحت مصطفی کمال نے بچوں کو ویکسین پلانے سے انکاری خاندانوں کے مسئلے پر تفصیلی رپورٹ طلب کرلی۔وزیر صحت نے پولیو کے خاتمے کی قومی مہم میں فرنٹ لائن ورکرز اور ضلعی انتظامیہ کے کردار کو سراہا، پولیو کے خاتمے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت بھی کی۔