گیس سلنڈر کے شدید دھماکے سے پھیلی , پوری عمارت کو آگ کا گولہ بنا دیا، ریسکیو ٹیمیں تمام لاشیں برآمد کرنے میں کامیاب نہ ہو سکیں
ارپورہ شمالی گوا خوبصورت ساحلوں، پرتعیش نائٹ لائف اور غیر ملکی سیاحوں سے بھرا رہتا ہے، آگ بجھانے اور لاشیں نکالنے کا کام جاری
نئی دہلی(آئی این پی )بھارت کے سیاحتی مقام گوا کے ساحلی قصبے ارپورہ میں ہولناک آگ نے مشہورِ زمانہ نائٹ کلب کو اپنی لپیٹ میں لے لیا جس کے نتیجے میں کم از کم 23 افراد جھلس کر ہلاک ہو گئے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں زیادہ تعداد نائٹ کلب کے اپنے ملازمین کی ہے۔ بھارتی خبررساںادارے نے پولیس چیف کے حوالے سے بتایا کہ آگ رات تقریبا 12 بجے کلب کی کچن ایریا میں گیس سلنڈر کے شدید دھماکے سے پھیلی جس نے چند منٹوں میں پوری عمارت کو آگ کا گولہ بنا دیا۔آگ کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ ریسکیو ٹیمیں گھنٹوں جدوجہد کے بعد بھی تمام لاشیں برآمد کرنے میں کامیاب نہ ہو سکیں۔گوا کے وزیرِ اعلی پرامود ساونت نے ایکس پر پوسٹ میں تصدیق کی کہ حکومت نے اس دلخراش واقعے کی اعلی سطحی انکوائری کا حکم دے دیا ہے۔ ذمہ داروں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔ارپورہ شمالی گوا کا وہ علاقہ ہے جو خوبصورت ساحلوں، پرتعیش نائٹ لائف اور غیر ملکی سیاحوں سے بھرا رہتا ہے۔دسمبر کا مہینہ گوا میں پیک سیزن ہوتا ہے جب سیاح بڑی تعداد میں یہاں کا رخ کرتے ہیں۔ ابھی تک یہ واضح نہیں ہو سکا کہ زخمیوں کی تعداد کتنی ہے کیونکہ آگ بجھانے اور لاشیں نکالنے کا کام اب بھی جاری ہے۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ دھماکے کی آواز اتنی زور دار تھی کہ کئی کلومیٹر تک سنی گئی۔حکام کے مطابق آگ لگنے کے واقعے کے بعد امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔