خیبرپختونخوا حکومت گیارہ ماہ میں 3,546 مقدمات ہار گئی

صوبائی حکومت کو مقدمات سے نمٹنے کے لیے بیرونی وکلا ء پر کروڑوں روپے خرچ کرنا پڑے
 پشاور(آئی این پی )خیبرپختونخوا حکومت عدالتوں میں گیارہ ماہ کے دوران 3,546 کیسز ہار گئی، جب کہ ایک لا افسر نے آٹھ ماہ میں ایک بھی کیس کی پیروی نہیں کی۔ یڈووکیٹ جنرل آفس کی جاری کردہ رپورٹ میں انکشاف ہوا کہ صوبائی حکومت کو مقدمات سے نمٹنے کے لیے بیرونی وکلا پر کروڑوں روپے خرچ کرنا پڑے۔رپورٹ کے مطابق، خیبرپختونخوا کے لا افسران 48,964 مقدمات میں پیش ہوئے، جن میں سے 5,798 کیسز میں کامیابی حاصل کی جبکہ 3,948 مقدمات عدالتوں نے خارج کر دئیے۔اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل 3,077 کیسز کی پیروی کے ساتھ سب سے نمایاں رہے، جبکہ واحد خاتون لا افسر نے 399 کیسز میں پیشی دی۔اس وقت صوبے میں 35,672 مقدمات زیرِ سماعت ہیں۔ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل انعام یوسفزئی کا کہنا تھا کہ 48,964 کیسز درحقیقت پیشیاں تھیں، جن میں سے کئی میں مثبت نتائج بھی حاصل ہوئے۔تاہم، رپورٹ نے اس حقیقت کو بھی بے نقاب کر دیا کہ حکومت کو قانونی معاملات کے لیے نجی وکلا پر بھاری اخراجات کیوں کرنے پڑے۔