جنیوا: کل جماعتی حریت کانفرنس کا احتجاجی مظاہرہ،بھارت مردہ باد کے نعرے

احتجاج اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین کے اجلاس کے موقع پر کیاگیا،کشمیری رہنمائوں کاخطاب
جنیوا(آئی این پی)سوئٹزرلینڈ کے شہر جنیوا میںاقوامِ متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین کے 58 ویں اجلاس کے موقع پربروکن چیئر کے نیچے کشمیریوں کا کل جماعتی حریت کانفرنس کے زیر اہتمام بڑا احتجاجی مظاہرہ،احتجاجی مظاہرے میں حریت رہنماؤں غلام محمد صفی،ایڈووکیٹ پرویز شاہ،الطاف حسین وانی،پاکستان پیپلزپارٹی آزادکشمیر کے رہنما سردار امجد یوسف،صدر انٹرنیشنل کشمیر پیس فورم فرانس زاہد اقبال ہاشمی اور ملک اویس سمیت کثیر تعداد میں مظاہرین نے شرکت کی،جنیوا کی فضا مودی مردہ باد اوربھارت مردہ باد کے نعروں سے گونج اٹھی۔مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جس پر انڈیا مخالف نعرے درج تھے،اس موقع پر احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے صدر انٹرنیشنل کشمیر پیس فورم فرانس زاہد اقبال ہاشمی نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بھارت کی جانب سے مقبوضہ جموں وکشمیر میں خونریزی اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو روکنے میں اپنا کردار ادا کرے۔ مقررین نے اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن سے مقبوضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔