اسرائیل مردہ باد کے نعرے لگانے والوں کو ویزا نہیں دیں گے: امریکی محکمہ خارجہ

غزہ کی موجودہ صورت حال کی ذمے دار حماس ، اپنی پالیسی سے متعلق ہر ملک خود مختار ہے، ترجمان ٹیمی بروس  
واشنگٹن(آئی این پی ) امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان ٹیمی بروس نے اسرائیل مخالف نعرے لگانے والوں کو امریکی ویزا نہ دینے کا اعلان کر تے ہوئے کہا ہے کہ غزہ کی موجودہ صورتحال کی ذمہ دار حماس ہے۔ ٹیمی بروس نے پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ حماس نے ہتھیار ڈالنے سے منع کیا اور مغویوں کو بھی اپنی حراست میں رکھا ہوا ہے، امریکا  غزہ میں سیز فائر کیلئے کوششیں کرتا رہے گا۔برطانیہ کے سالانہ موسیقی کے میلے گلاسٹنبری فیسٹیول میں گلوکاروں نے فلسطین کی حمایت اور اسرائیل مخالف نعرے لگائے تھے۔ اس معاملے پر ردعمل دیتے ہوئے امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان نے کہا کہ غزہ کی موجودہ صورت حال کی ذمے دار حماس ہے، حماس نے مرنے والے 2امریکیوں کی باقیات بھی اب تک روکی ہوئی ہیں۔ٹیمی بروس نے مزید کہا کہ جو غیر ملکی تشدد کی حمایت کرتے ہیں انہیں امریکی ویزا نہیں دیں گے اور اسرائیل مخالف نعرے لگانے والوں کو بھی امریکی ویزا نہیں دیا جائے گا۔ٹیمی بروس نے کہاکہ ایران کے ساتھ ہمارے عمل نے ثابت کیا کہ ہم امن چاہتے ہیں، صدر ٹرمپ نے مشرق وسطیٰ کو ہمیشہ کیلئے تبدیل کردیا ہے۔ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نے کہا کہ ٹرمپ چاہتے ہیں ایران باقی ملکوں کے ساتھ معمول کے تعلق بحال کرے، روس یوکرین کی جنگ جلد بند ہونی چاہئے، قومی سلامتی کے پیش نظر ویزے منسوخ کرنے کی ہماری عوامی پالیسی ہے۔ٹیمی بروس کا مزید کہنا تھا کہ اپنے ملک کی پالیسی سے متعلق ہر ملک خود مختار ہے۔