امریکا کے یمن پر فضائی حملے، ایران کو بھی وارننگ( جارحیت کا جواب دینے کے لیے مکمل تیار ہیں:حوثیوں کا اعلان)

حملے میں ہلاکتوں کی تعداد31 ہوگئی ،ایران نے حوثیوں کی حمایت جاری رکھی تو ہم نرمی نہیں برتیں گے،امریکی صدر
صنعا ،واشنگٹن (آئی این پی )امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حکم پر امریکی فوج نے یمن میں ایران کے حمایت یافتہ حوثیوں پر بڑے پیمانے پر فضائی حملے کیے، جن میں کم از کم 31 افراد ہلاک ہو گئے ۔یہ حملے بحیرہ احمر میں تجارتی جہازوں پر حوثی حملوں کے جواب میں کیے گئے ہیں اور کئی دنوں تک جاری رہنے کی توقع ہے۔ غیرملکی خبررساںادارے کے مطابق حوثیوں کے زیرانتظام وزارت صحت نے بتایا کہ ، 13 شہری ہلاک اور 9 زخمی ہوئے، جبکہ صعدہ میں امریکی حملے میں مزید 11 افراد، بشمول 4 بچے اور 1 خاتون جاں بحق ہوئے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا سائٹ پر کی گئی پوسٹ میں کہا کہ تمہارا وقت ختم ہوگیا ہے اور آج سے تمہارے حملے بند ہونے چاہئیں ورنہ تمہارے ساتھ وہ ہوگا جو پہلے نہیں ہوا۔ ٹرمپ نے ایران کو بھی سخت پیغام دیتے ہوئے کہا کہ اگر اس نے حوثیوں کی حمایت جاری رکھی تو امریکا اسے پوری طرح ذمہ دار ٹھہرائے گا اور ہم نرمی نہیں برتیں گے۔ دوسری جانب حوثیوں نے امریکی حملوں کو جنگی جرم قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ اس جارحیت کا جواب دینے کے لیے مکمل تیار ہیں۔