فیصل آباد (آن لائن) وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے کہاہے کہ ریل کی نجکاری کو رکوانے کیلئے کارکنوں کے ساتھ مل کر جدوجہد کروں گا۔ عید کے فوری بعد خوشحال خان خٹک ایکسپریس کو بحال کیا جائے گا اور موسیٰ پاک ایکسپریس کو ڈیرہ غازی خان تک چلایا جائے گا تاکہ ملک کے دوردراز علاقوں کے پسماندہ لوگ ریل کے سستے اور محفوظ سفر سے فائدہ اُٹھا سکیں، عید کے بعد رائے ونڈ ورکشاپ کو دوبارہ بحال کرنے کی بھرپور کوشش کی جائیگی، تمام ملازمین کو عید سے قبل تنخواہوں ، پینشن کی ادائیگی کو یقینی اور ٹی اے کی ادائیگی بھی جلدازجلد کرنے کی کوشش کریںگے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پریم یونین کے مرکزی صدر شیخ محمد انور ، سینئر نائب صدر عبدالقیوم اعوان کے ہمراہ ملاقات کے دوران کیا ۔ وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی کو پریم یونین کے صدر شیخ محمد انور نے ریلوے کا قلم دان سنبھالنے پر مبارکباد دی ۔وزیر ریلوے نے یقین دلایا کہ ریل کی نجکاری کو رکوانے کیلئے کارکنوں کے ساتھ مل کر جدوجہد کریں گے۔