دہشتگردی کیخلاف جنگ پاکستان ضرور جیتے گا ، قوم سکیورٹی فورسز کیساتھ کھڑی ہے: بلال کیانی

 بی ایل اے کو دہشتگردوں کی طرح ہی نمٹا جائیگا، ہم اپنے حقائق کیساتھ منفی پراپیگنڈا کی جنگ بھی جیتیں گے،وزیر مملکت
 جہلم(آئی این پی )وزیر مملکت برائے ریلوے بلال اظہر کیانی نے کہا ہے کہ دہشتگردی کیخلاف جنگ پاکستان ضرور جیتے گا ،پوری قوم دہشتگردی کیخلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔جہلم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ چند دن قبل جعفر ایکسپریس کا نہایت افسوسناک سانحہ ہوا، سکیورٹی فورسز نے بہادری کے ساتھ کامیاب آپریشن کیا، سکیورٹی فورسز نے سیکڑوں پاکستانیوں کی جانیں بچائیں۔انہوں نے کہا کہ ایسے دہشتگردحملوں کا کوئی جواز اور دلیل نہیں ہوتی، دہشتگردنہتے شہریوں کو شہید کرتے ہیں، اس طرح کی دہشتگردی ونفرت کے خلاف سکیورٹی فورسز کے پیچھے کھڑے ہیں، ہم ان کے خلاف بھی کھڑے ہیں جو بیرون ملک بیٹھ کر پاکستان کے خلاف سازش کرتے ہیں، دہشتگردی کیخلاف جنگ پاکستان ضرور جیتے گا۔وزیر مملکت نے کہا کہ جہاں جعفرایکسپریس پر حملہ ہوااس ٹریک کا کام شروع ہوگیا ہے، جلدجعفرایکسپریس کا ٹریک بحال ہوجائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ جعفر ایکسپریس واقعہ میں بھارت کا کردار بھی سب کو نظر آیا، کچھ سیاسی جماعتیں سیاست کا لبادہ اوڑھ کر دہشتگردوں کے پراپیگنڈا میں شامل ہوتی ہیں، پی ٹی آئی بھی منفی پراپیگنڈے میں شریک رہی، بی ایل اے کو دہشتگردوں کی طرح ہی نمٹا جائے گا، ہم اپنے حقائق کے ساتھ منفی پراپیگنڈا کی جنگ بھی جیتیں گے۔