اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ کورٹ نے گھریلو ملازمہ رخسانہ بی بی کو تقریباً 25 کروڑ روپے مالیت کی چوری کے کیس سے بری کر دیا۔
عدالت میں بتایا گیا کہ دورانِ تفتیش ملزمہ سے صرف 2 ہزار روپے برآمد ہوئے، جبکہ مقدمے میں 4 لاکھ روپے، 5 لاکھ برطانوی پاؤنڈ اور 5 لاکھ سعودی ریال کی چوری کا الزام تھا۔جوڈیشل مجسٹریٹ رضوان الدین نے ملزمہ کی بریت کی درخواست منظور کی۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ استغاثہ نے متعدد مواقع پر گواہ پیش کرنے کے باوجود کوئی ثبوت نہیں دیا، اور دستیاب شواہد کے مطابق ملزمہ کو سزا دینے کا امکان نہ ہونے کے برابر ہے۔عدالت نے مزید کہا کہ ملزمہ پر بدنیتی کی بنیاد پر مقدمہ بنایا گیا اور شواہد کی کمی کے باعث شک کا فائدہ ملزمہ کے حق میں دیا جاتا ہے۔ عدالت نے ملزمہ کو ضابطہ فوجداری کی دفعہ 249 اے کے تحت بری کیا۔