پاکستانی اداکار محسن عباس حیدر نے شوبز انڈسٹری سے متعلق اہم انکشاف کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ بعض فنکار اور ہدایت کار مبینہ طور پر نشے کی حالت میں شوٹنگ سیٹس پر آتے ہیں، جس پر سخت کارروائی ہونی چاہیے۔
ایک ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ انہوں نے کچھ عرصہ قبل سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں مطالبہ کیا تھا کہ ایسے افراد کو کام کرنے کی اجازت نہیں ہونی چاہیے جو غیر پیشہ ورانہ حالت میں سیٹ پر آئیں۔اداکار کے مطابق ان کی پوسٹ کے بعد ایک پروڈکشن ہاؤس نے ان سے رابطہ کیا اور دریافت کیا کہ آیا وہ کسی مخصوص منصوبے یا فنکار کے حوالے سے بات کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ انہوں نے معاملے کی تصدیق کی جس کے بعد پروڈکشن ٹیم نے اس کی جانچ کی یقین دہانی کروائی۔محسن عباس حیدر نے ایک واقعہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ بعض اوقات سیٹ پر ایسے حالات بھی دیکھنے میں آئے ہیں جہاں فنکاروں کی توجہ کام پر نہیں ہوتی، جو پیشہ ورانہ ماحول کے لیے نقصان دہ ہے۔انہوں نے زور دیا کہ شوٹنگ سیٹ ایک مکمل پیشہ ورانہ جگہ ہوتی ہے جہاں تمام فنکاروں اور عملے کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے، اور ایسے معاملات کو نظر انداز کرنے کے بجائے ان پر سنجیدہ کارروائی ضروری ہے۔