ڈراما انڈسٹری کے گمنام ہیروز کو عزت و تحفظ دیا جائے، شجاع حیدر کا مطالبہ

ڈراما انڈسٹری کے گمنام ہیروز کو عزت و تحفظ دیا جائے، شجاع حیدر کا مطالبہ

کراچی کی حالیہ بارشوں اور انڈسٹری کے پس پردہ محنت کرنے والے افراد کی مشکلات پر اداکار شجاع حیدر نے اپنی تشویش کا اظہار کیا ہے۔

 انہوں نے کہا کہ ڈراما انڈسٹری کے اصل ہیروز وہ لوگ ہیں جو کیمروں کے پیچھے کام کرتے ہیں، لیکن افسوسناک حقیقت یہ ہے کہ ان کی حفاظت اور عزت کو اکثر نظر انداز کیا جاتا ہے۔شجاع حیدر نے انسٹاگرام پر ایک پوسٹ میں کہا کہ کراچی میں موسلا دھار بارشوں کے دوران وہ بار بار پروڈکشن ہاؤسز کے ملازمین اور کریو ممبرز کے بارے میں سوچتے رہے، جو بغیر کسی حفاظتی سامان کے اپنی ڈیوٹی انجام دیتے ہیں۔ "نہ دستانے، نہ جوتے، نہ کوئی تحفظ۔ یہ صرف تکلیف دہ صورتحال نہیں بلکہ زندگی اور موت کا معاملہ ہے، کیونکہ ایک چھوٹی سی غلطی یا غیر محفوظ ماحول کسی بھی جان کے ضیاع کا سبب بن سکتا ہے۔"انہوں نے کہا کہ یہ لوگ دور دراز علاقوں سے طویل سفر طے کر کے آتے ہیں اور پھر بھی سب سے کم ترجیح پاتے ہیں، حالانکہ یہی محنت کش انڈسٹری کی ریڑھ کی ہڈی ہیں۔ "اداکاروں کو مراعات دی جاتی ہیں، لیکن کیمروں کے پیچھے کام کرنے والے ان ملازمین کے بغیر یہ سب ممکن ہی نہیں ہوتا۔"

اداکار نے انڈسٹری سے مطالبہ کیا کہ صرف گلیمر کے لیے نہیں بلکہ ان گمنام ہیروز کی عزت، حفاظت اور فلاح و بہبود کے لیے سنجیدہ اقدامات کیے جائیں۔اداکارہ کبریٰ خان نے بھی شجاع حیدر کے پیغام کی حمایت کرتے ہوئے انسٹاگرام اسٹوری میں لکھا کہ یہ دیکھ کر دل ٹوٹ گیا کہ وہ لوگ جو سب کچھ سنبھالتے ہیں، انہیں نظر انداز کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا: "ہم ایک ٹیم ہیں اور ٹیم کا ہر فرد، چاہے وہ اسپاٹ بھائی ہو، انجینئر ہو، میک اپ یا اسٹائلنگ ٹیم کا حصہ ہو، سب برابر اہم ہیں۔ کیا ان کے بغیر شوٹنگ ممکن ہے؟"کبریٰ خان نے مزید کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ اس مسئلے پر توجہ دی جائے، ورنہ اگر خدانخواستہ کوئی حادثہ ہوا تو یہ حادثہ نہیں بلکہ غفلت ہوگی۔