ایران کا اسرائیل کو سخت ردعمل کا انتباہ، جنوبی لبنان میں کشیدگی پر صورتحال تشویشناک

ایران کا اسرائیل کو سخت ردعمل کا انتباہ، جنوبی لبنان میں کشیدگی پر صورتحال تشویشناک

ایرانی مسلح افواج کے مرکزی کمانڈ خاتم الانبیاء سینٹرل ہیڈکوارٹر نے خبردار کیا ہے  کہ اگر اسرائیل نے جنوبی لبنان میں اپنی عسکری کارروائیاں جاری رکھیں تو اسے سخت اور فیصلہ کن ردعمل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

ایرانی فوجی ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ دو روز کے دوران اسرائیلی افواج نے مبینہ طور پر جنوبی لبنان میں جنگ بندی کی 84 بار خلاف ورزی کی ہے، جس کے نتیجے میں شہری ہلاکتیں ہوئی ہیں اور خطے میں کشیدگی میں اضافہ ہو رہا ہے۔بیان میں مزید کہا گیا کہ امریکی صدر  ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے جنگ بندی اور کشیدگی میں کمی کے دعوؤں کے باوجود زمینی صورتحال میں کوئی بہتری نہیں آئی اور اسرائیلی کارروائیاں بدستور جاری ہیں۔خاتم الانبیاء ہیڈکوارٹر نے واضح کیا کہ اگر صورتحال جوں کی توں رہی اور اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان میں کارروائیاں نہ روکیں تو ایران کی مسلح افواج مناسب اور سخت جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں۔بیان میں اس عزم کا اعادہ بھی کیا گیا کہ خطے میں کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا اور یکطرفہ عسکری اقدامات کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔