گڑھ مہاراجہ:فائرنگ سے بیوی قتل،شوہرکی بھی لاش برآمد

خضر عباس نے میکے آئی انعم کو مبینہ طورپرمارا ، خضر کی لاش جکھڑ فقیر قبرستان سے ملی 
ابتدائی طور پر واقعہ خودکشی معلوم ہوتا ہے،باریک بینی سے تحقیقات جاری ہیں :پولیس
اٹھارہ ہزاری (خصوصی رپوٹر)گڑھ مہاراجہ کے نواحی علاقے گڑھ موڑ میں فائرنگ سے میاں بیوی جاں بحق ہو گئے۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق خاتون انعم بی بی اپنے میکے آئی ہوئی تھی کہ اس دوران فائرنگ کا واقعہ پیش آیا۔ ذرائع کے مطابق خضر عباس نے مبینہ طور پر اپنی اہلیہ کو فائرنگ کرکے قتل کیا، تاہم بعد ازاں خضر عباس کی لاش جکھڑ فقیر قبرستان گڑھ موڑ سے برآمد ہوئی، جس کے ماتھے پر گولی کا نشان موجود تھا۔ موقع سے 30 بور پستول بھی برآمد ہوا۔گڑھ مہاراجہ پولیس کے مطابق صبح 9 بج کر 13 منٹ پر اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچی اور شواہد اکٹھے کیے گئے۔ ابتدائی طور پر واقعہ خودکشی معلوم ہوتا ہے، تاہم قتل اور خودکشی کے مقامات کے درمیان تقریباً آدھا کلو میٹر فاصلے کے باعث تمام پہلوؤں پر باریک بینی سے تحقیقات جاری ہیں۔پولیس نے دونوں لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا ہے جبکہ فرانزک شواہد اور گواہوں کے بیانات کی روشنی میں مزید تفتیش جاری ہے۔ حکام کے مطابق پوسٹ مارٹم رپورٹ اور مکمل تحقیقات کے بعد واقعہ کی اصل حقیقت سامنے آئے گی۔