چوک چوراہوں پر نصب سائن بورڈز شہریوں کیلئے خطرہ

ساہیوال (خصوصی رپورٹ ) ساہیوال شہر اور گردونواح میں مختلف ایڈورٹائزنگ کمپنیوں کی جانب سے چوک چوراہوں، مرکزی شاہراہوں اور عوامی مقامات پر نصب کیے گئے متعدد سائن بورڈز متعلقہ قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بغیر فٹنس سرٹیفکیٹ اور حفاظتی معائنہ کے لگائے گئے ہیں، مقامی شہریوں کے مطابق ان میں سے بیشتر بورڈز کمزور لوہے اور ناقص میٹریل سے تیار کیے گئے ہیں جو تیز آندھی یا خراب موسم کی صورت میں زمین بوس ہو سکتے ہیں۔ شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ ماضی میں بھی متعدد سائن بورڈز تیز ہواوٓں کے باعث گر چکے ہیں، تاہم اس کے باوجود انکروچمنٹ برانچ ڈسٹرکٹ کونسل ساہیوال کی جانب سے کوئی موٓثر حکمت عملی اختیار نہیں کی گئی۔ عوامی حلقوں نے الزام عائد کیا ہے کہ بغیر قانونی تقاضے پورے کیے اور خزانہ سرکار میں واجب الادا ٹیکس جمع کروائے بغیر سائن بورڈز کی تنصیب جاری ہے، جو متعلقہ حکام کی مبینہ ملی بھگت، نااہلی یا غفلت کا واضح ثبوت ہے۔ شہریوں، سماجی تنظیموں اور مختلف حلقوں نے ڈپٹی کمشنر و ایڈمنسٹریٹر ضلع کونسل ساہیوال سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری نوٹس لیتے ہوئے تمام غیر قانونی اور غیر محفوظ سائن بورڈز کا سروے کرایا ، ذمہ دار عناصر کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔