لاہور (کرائم رپورٹر)لاہور کے شہریوں کو خوبصورت، صاف اور کشادہ راستے فراہم کرنے کے لیے ٹیپا کی جانب سے غیر قانونی سائن بورڈز کے خلاف ایک بڑی مہم شروع کی گئی تھی، جس کا مقصد شہر کے حسن میں اضافہ اور پیڈیسٹیرین زون کو بہتر بنانا تھا۔ مگر وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ یہ مہم فائلوں میں دب کر رہ گئی اور شہر کی سڑکیں ایک بار پھر بورڈز کی بھرمار کا شکار ہو گئیں۔ تفصیلات کے مطابق ٹیپا نے لاہور کی مرکزی شاہراہوں، گلی محلوں اور چوراہوں سے غیر قانونی سائن بورڈز کے خاتمے کے لیے ایک مربوط پلان بنایا تھا۔ اس پلان کے تحت مختلف شاہراہوں سے پندرہ سو سے زائد غیر قانونی بورڈز کو ہٹا کر سٹورز میں رکھ دیا گیا۔مگر شہر کے حسن کو بحال کرنے کی اس مہم پر وقت گزرنے کے ساتھ عملدرآمد سست روی کا شکار ہوا اور اب ٹیپا کے انفورسمنٹ شعبے کی طرف سے گزشتہ کئی ماہ سے کسی طرح کی کوئی کارروائی نہیں کی جا رہی۔اداروں کی خاموشی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے غیر قانونی بورڈ مافیا ایک بار پھر متحرک ہو چکا ہے۔ شہر کی گلیوں، چوراہوں اور مرکزی سڑکوں پر دوبارہ غیر قانونی سائن بورڈز اور اشتہاری سائنیج کی بھرمار شروع ہو گئی ہے، جس سے نہ صرف پیڈیسٹیرین زون متاثر ہوا بلکہ لاہور کی خوبصورتی بھی بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔