وزیراعلیٰ کی زیر صدارت صوبے میں وسائل بڑھانے، محصولات میں اضافے اور ٹیکس وصولی کے نظام پرایک اہم جائزہ اجلاس
کراچی (آن لائن) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت صوبے میں وسائل بڑھانے، محصولات میں اضافے اور ٹیکس وصولی کے نظام کو مزید مؤثر بنانے کے حوالے سے ایک اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں متعلقہ محکموں کی کارکردگی، محصولات کے اہداف اور مالی نظم و ضبط سے متعلق امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں صوبائی وزیر مکیش کمار چاولہ، چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو خالد حیدر شاہ، سیکریٹری خزانہ فیاض جتوئی، سیکریٹری ٹو چیف منسٹر آصف جمیل، چیئرمین سندھ ریونیو بورڈ واصف میمن، سیکریٹری ایکسائز سلیم راجپوت سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔وزیراعلیٰ سندھ نے ہدایت کی کہ محصولات میں اضافے اور ٹیکس وصولی کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے تمام متعلقہ ادارے مربوط اور مؤثر حکمت عملی اپنائیں تاکہ مقررہ اہداف کا حصول یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کی مالی خودمختاری، ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے وسائل میں اضافہ وقت کی اہم ضرورت ہے۔اجلاس میں ریونیو لیکیجز کے خاتمے، ٹیکس نیٹ کو وسعت دینے، محصولات کی وصولی میں شفافیت لانے اور جدید ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال کے مختلف پہلوؤں پر غور کیا گیا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے ایکسائز، بورڈ آف ریونیو، سندھ ریونیو بورڈ اور محکمہ خزانہ کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو مزید بہتری کے لیے ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔سید مراد علی شاہ نے کہا کہ محصولات کے نظام میں اصلاحات اور مالی نظم و ضبط کو مضبوط بنا کر صوبے کی اقتصادی بنیادوں کو مستحکم کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی، ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل اور مالی استحکام کے لیے محصولات میں اضافے کے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں گے۔وزیراعلیٰ سندھ نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ محصولات کے اہداف کے حصول، ٹیکس نظام کی بہتری اور وسائل میں اضافے کے لیے بھرپور کوششیں کی جائیں تاکہ صوبے کی ترقی کی رفتار مزید تیز ہو سکے