محرم میں بجلی کے ترسیلی نظام کو یقینی ،پرنٹ و الیکٹرانک پر خصوصی پروگرامز نشرز کئے جائیں،متن
اسلام آباد /راولپنڈی(آئی این پی)قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا ہے کہ ارباب اختیار محرم الحرام میں مجالس ، محافل اور جلوس ہائے عزاکے انعقاد کو بلا رکاوٹ آزادی کے ساتھ بنانے کے اقدامات جاری کریں ،محرم و صفر المظفر کے ایام لوڈ شیڈنگ فری ایام بھی قرار دئیے جائیںتاکہ نہ صرف عقیدت مند ان شہدائے کربلا کو بھر پور انداز میں خراج عقیدت پیش کر سکیںبلکہ دہشت گردی و تخریب کاری کو ناکام بنانے میں یہ عمل معاون ثابت ہوسکے ان خیالات کا اظہار قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیر اعظم محمد شہباز شریف،وفاقی وزیر داخلہ، وفاقی وزیر مذہبی امور، صوبائی وزرا اعلیٰ ، گورنرز، صوبائی انتظامیہ ،پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا کو الگ الگ خطوط کے ذریعے آمدہ ماہ مقدس محرم الحرام 1448ھ و صفر المظفر کے ا ہم امور بارے متوجہ کرتے ہوئے کیا ۔انہوںنے مزیدکہا کہ پوری دنیا ،عالم اسلام کی طرح پاکستان میںبھی تمام مسلمانوں سمیت دیگر مذاہب کے لوگ بلا تفریق مذہب و مسلک امام انسانیت ،نواسہ رسول ؐاور ان کے رفقا ء کو اپنے اپنے انداز میں گلہائے عقیدت پیش کرتے ہیں اوران کی یاد مناتے ہیں ،اس سلسلے میں مختلف انداز میں مجالس ، محافل ،جلوس ہائے عزا کا انعقاد ملک کے طول وعرض میں ہوتاہے انہوںنے متوجہ کرتے ہوئے کہا کہ مجالس ، محافل ، جلوس ہائے عزا کے انعقاد کی بجا آوری یقینی بنائی جائے،یکم محرم تا 10محرم الحرام میںامام عالی مقام ،شہدائے کربلا اور فلسفہ کربلا کے حوالے سے الیکٹرانک میڈیا پر خصوصی پروگرامز اور پرنٹ میڈیا پر خصوصی کالمز ، مضامین اور خصوصی ضمیمے(سپیشل ایڈیشنز)کی سابقہ روایات کو برقرار رکھا جائے اور محدودیت سے گریز کیاجائے ان ایام میں بجلی کے ترسیلی نظام کو یقینی و موثر بنایا جائے تاکہ ایک طرف عقیدت مندان شہدائے کربلا کو بھرپور انداز میں جہاں خراج تحسین پیش کر سکیںوہیںدہشتگردوں اور تخریب کاروںکے مذموم مقاصد کو بھی ناکام بنانے میں یہ عمل معاون ثابت ہوسکے۔