بعض سیاسی رہنماجان بوجھ کر پوائنٹ سکورنگ کررہے ہیں:عظمی بخاری

اگر وہ تعصب کی عینک اتار کر جنوبی پنجاب کا دورہ کریں تو انہیں وہاں واضح ترقی نظر آئے گی
مریم نواز  کے د ورمیں کسی ایک خطے کو نہیں بلکہ پورے پنجاب کو برابر سمجھا جاتا ہے:وزیراطلاعات
لاہور(سپیشل رپورٹر )وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے کہاہے  بعض سیاسی رہنماحقائق سے لاعلم ہیں یاجان بوجھ کرسیاسی پوائنٹ اسکورنگ کررہے ہیں،اگر وہ تعصب کی عینک اتار کر جنوبی پنجاب کا دورہ کریں تو انہیں وہاں واضح ترقی نظر آئے گی۔علی موسی گیلانی کے بیان پرردعمل دیتے ہوئے عظمی بخاری کا کہناتھا کہ وزیراعلی مریم نواز شریف کے د ورمیں کسی ایک خطے کو نہیں بلکہ پورے پنجاب کو برابر سمجھا جاتا ہے،اورتمام ترقیاتی منصوبوں میں جنوبی پنجاب کو  ترجیح دی جا رہی ہے، سب سے پہلے الیکٹرک بسیں جنوبی پنجاب میں متعارف کروائی گئیں، جبکہ صوبے کے دس اضلاع میں یہ سروس کامیابی سے جاری ہے اور مزید تحصیلوں تک توسیع کی جا رہی ہے۔انکا کہنا تھاکہ "اپنی چھت، اپنا گھر"پروگرام کے تحت تعمیرہونیوالیدولاکھ گھروں میں بڑی تعداد جنوبی پنجاب میں ہے،کھیل کے میدانوں کی تعمیر،ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن،گرین ٹریکٹر اسکیم،کسان کارڈ اور سپرسیڈر اسکیم کے تحت سب سیزیادہ فائدہ جنوبی پنجاب کے کسانوں کو پہنچا ہے۔انہوں نے کہاکہ صرف کچے کے علاقوں کیلئے دس ارب روپے خرچ کئے جارہے ہیں،علی موسی گیلانی کو تنقیدکانشانہ بناتے ہوئے انہوں نے کہا کہاکہ اپنی سیاست بچانے کیلئے جنوبی پنجاب کارڈکھیلنااب پرانا ہوچکا اورحکومت پربلیک میلنگ کی کوشش کامیاب نہیں ہوگی