اپوزیشن ارکان ا پنی نشستوں سے اٹھ کر سپیکر ڈائس کے قریب‘ وزیراعلی کے سامنے کھڑے ہو گئے
لاہور(سپیشل رپورٹر‘آن لائن)وزیر خزانہ پنجاب شجاع الرحمان نے پنجاب اسمبلی میں صوبائی بجٹ پیش کیا ۔پنجاب اسمبلی کا بجٹ اجلاس ایک گھنٹہ چالیس منٹ کی تاخیر سے اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان کی صدارت میں شروع ہوا۔ اجلاس کا آغاز تلاوتِ کلام پاک، نعت رسول مقبول ﷺ اور قومی ترانے سے کیا گیا۔ وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف بھی اجلاس میں موجود تھیں۔بجٹ اجلاس کے دوران اپوزیشن نے بھرپور احتجاج کیا اور ایوان میں داخل ہوتے ہی نعرے بازی شروع کر دی۔ اپوزیشن ارکان نے "شرم کرو، حیا کرو، خان کو رہا کرو" کے نعرے لگائے جبکہ ان کے ہاتھوں میں عمران خان کی رہائی کے مطالبے پر مبنی پلے کارڈز بھی موجود تھے۔وزیر خزانہ کی بجٹ تقریر شروع ہوتے ہی اپوزیشن نے احتجاج میں شدت پیدا کر دی اور اپنی نشستوں سے اٹھ کر اسپیکر ڈائس کے قریب وزیراعلی پنجاب کے سامنے کھڑی ہوگئی۔ اپوزیشن ارکان نے "جعلی بجٹ نامنظور، نامنظور" کے نعرے بھی لگائے۔حکومت کی جانب سے پیپر لیس اجلاس کے انعقاد کے باوجود اپوزیشن ارکان اپنے ساتھ کاغذات لے کر آئے تھے۔ وزیر خزانہ کی تقریر کے دوران اپوزیشن نے احتجاجا کاغذات پھاڑ کر ایوان میں اچھال دیے، جس سے اجلاس کا ماحول خاصا ہنگامہ خیز رہا۔