ایران کی جانب سے تازہ میزائل حملوں کے بعد اسرائیلی شہروں رمت ہشرون اور ہرزیلیا کے رہائشیوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
مقامی شہریوں نے اسرائیلی میڈیا کو بتایا کہ دھماکوں اور دھوئیں کی شدت کے باعث سانس لینا دشوار ہو گیا ہے۔اسرائیلی فوج کے مطابق ایرانی ڈرونز کو جولان کے علاقے میں روکا جا رہا ہے۔ دوسری جانب ایران نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے اسرائیلی انٹیلیجنس ہیڈکوارٹر "امان" کو براہ راست نشانہ بنایا ہے۔اسرائیلی فوج نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ایران سے اسرائیل کی جانب متعدد میزائل داغے گئے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اسرائیل کا دفاعی نظام خطرے سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر متحرک ہے۔بین الاقوامی ذرائع کے مطابق تل ابیب، ہرزیلیا اور مقبوضہ بیت المقدس سمیت کئی اسرائیلی شہروں میں ایرانی میزائل حملوں کے نتیجے میں شدید دھماکے سنے گئے ہیں، جن سے تباہی کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔