وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار اور متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ شیخ عبد اللّٰہ بن زاید النہیان کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا جس میں خطے کی حالیہ صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
دفتر خارجہ کے مطابق دونوں وزرائے خارجہ نے ایران پر اسرائیلی حملوں کے بعد پیدا ہونے والی کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔ گفتگو میں اس بات پر زور دیا گیا کہ خطے میں امن و استحکام کے لیے مشترکہ کوششیں تیز کرنے کی ضرورت ہے۔اس موقع پر دونوں وزرائے خارجہ نے خطے میں جاری تنازعات کے حل کے لیے سفارتی ذرائع کو مؤثر طریقے سے استعمال کرنے اور کشیدگی میں کمی لانے کی حمایت پر اتفاق کیا۔