ایرانی نژاد امریکی رکنِ کانگریس یاسمین انصاری نے سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے تہران کو "خالی کرنے" کی تجویز کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اسے "ظالمانہ اور خوفناک" قرار دیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ X (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے بیان میں یاسمین انصاری نے لکھا:"تہران تقریباً 1 کروڑ آبادی پر مشتمل ایک بڑا شہر ہے۔ ایرانی عوام آزادی، وقار اور سلامتی کے مستحق ہیں، لیکن معصوم شہریوں کا قتلِ عام، تباہی یا ایک اور نہ ختم ہونے والی جنگ کسی بھی مسئلے کا حل نہیں ہو سکتا۔"یاسمین انصاری گزشتہ سال امریکی ایوان نمائندگان میں منتخب ہونے والی دوسری ایرانی نژاد رکن بنی تھیں اور امریکی سیاست میں مشرق وسطیٰ کے امور پر ان کا مؤقف خاص اہمیت رکھتا ہے۔
سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے تہران سے شہریوں کے انخلا سے متعلق حالیہ بیانات کو دنیا بھر میں ممکنہ جنگی ارادوں کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ انصاری کا ردعمل ایسے وقت میں آیا ہے جب ایران اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی کے باعث مشرق وسطیٰ میں حالات بدستور نازک ہیں، اور بین الاقوامی برادری خطے میں ممکنہ انسانی بحران کے خدشات ظاہر کر رہی ہے۔