چینی اور درجہ دوم، سوم گھی، آئل کے سٹاک ختم، غریب طبقہ مشکلات کا شکار

 چینی اور درجہ دوم، سوم گھی، آئل کے سٹاک ختم، غریب طبقہ مشکلات کا شکار

لاہور کی کچی آبادیوں اور کم آمدنی والے علاقوں میں قائم یوٹیلیٹی اسٹورز پر غریب اور مڈل کلاس شہریوں کے لیے ریلیف کا خواب حقیقت نہ بن سکا، کیونکہ ان سٹورز پر مہینوں سے بنیادی اشیائے خوردونوش کی شدید قلت برقرار ہے۔

شہریوں نے شکایت کی ہے کہ یوٹیلیٹی اسٹورز پر چینی دو ہفتوں سے جبکہ درجہ دوم اور سوم کے گھی و آئل کئی ماہ سے دستیاب نہیں۔ صرف محدود مقدار میں مہنگا درجہ اول گھی چند سٹورز پر موجود ہے جو عام شہری کی پہنچ سے باہر ہے۔غریب طبقہ روزانہ کی بنیاد پر ان اسٹورز کے چکر کاٹنے پر مجبور ہے مگر انہیں مایوسی کے سوا کچھ نہیں ملتا۔ شہریوں نے وزیراعظم شہباز شریف سے مطالبہ کیا ہے کہ دیہاڑی دار اور کم آمدنی والے طبقے کو ریلیف دینے کے دعوے کو عملی شکل دی جائے اور یوٹیلیٹی اسٹورز پر سستی اور بنیادی اشیاء کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنائی جائے۔عوام نے مطالبہ کیا ہے کہ وزیراعظم خود ماہانہ بنیادوں پر یوٹیلیٹی اسٹورز کی کارکردگی اور اشیاء کی ترسیل کی رپورٹ طلب کریں تاکہ حقیقی عوامی مسائل کا حل ممکن ہو۔