اسد قیصر بجٹ بائیکاٹ مشن‘قومی اسمبلی میں ایکا پرویز اشرف
پی ٹی آئی کا پیپلزپارٹی سے رابطہ ، اپوزیشن جماعتوں کا متحد ہونا حکومت پر دبائو بڑھا سکتا، پی ٹی آئی رہنما،پیشکش بلاول کے سامنے رکھیں گے، اس معاملے پر مشاورت کی جائے گی، سینئر رہنما پیپلز پارٹی ، مشترکہ حکمت عملی پر گفتگو
اسلام آباد ( مانیٹرنگ ڈیسک )تحریک انصاف نے آئندہ مالی سال کے وفاقی بجٹ کی منظوری روکنے کی حکمت عملی کے تحت پیپلز پارٹی کو بجٹ ووٹنگ میں حصہ نہ لینے کی باضابطہ پیشکش کر دی ہے۔پی ٹی آئی کے سینئر رہنما اسد قیصر نے پارلیمنٹ ہائوس میں پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما راجا پرویز اشرف سے اہم ملاقات کی، جس میں اپوزیشن کی ممکنہ مشترکہ حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ذرائع کے مطابق ملاقات کے دوران اسد قیصر نے پیپلز پارٹی کے حالیہ بیانات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اگر پیپلز پارٹی واقعی بجٹ بائیکاٹ کے حوالے سے سنجیدہ ہے تو پی ٹی آئی اس اقدام میں اس کا ساتھ دینے کے لیے تیار ہے، بجٹ جیسے اہم قومی معاملے پر اپوزیشن جماعتوں کا متحد ہونا حکومت پر دبائو بڑھا سکتا ہے۔اس موقع پر پرویز اشرف نے اسد قیصر کو یقین دہانی کرائی کہ وہ پی ٹی آئی کی اس پیشکش کو پارٹی قیادت چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے سامنے رکھیں گے، بلاول بھٹوپارلیمنٹ آ رہے ہیں اور ان سے اس معاملے پر مشاورت کی جائے گی۔یہ ملاقات ایسے وقت ہوئی ہے جب وفاقی بجٹ پر ایوان میں بحث جاری ہے اور مختلف اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے تنقید کا سلسلہ تیز ہو چکا ہے، پیپلز پارٹی کی جانب سے بجٹ پر حتمی موقف سامنے آنا باقی ہے۔