اداکارہ و ماڈل نوشین شاہ نے حالیہ انٹرویو میں شوبز انڈسٹری سے وابستہ خواتین کو درپیش معاشرتی رویوں پر کھل کر اظہار خیال کیا۔
انہوں نے بتایا کہ اداکارہ بننے کے فیصلے پر قریبی رشتہ داروں کا تعلق توڑ لینا کوئی نئی یا غیر معمولی بات نہیں۔نوشین شاہ، جو اپنے بےباک انداز اور منفرد اداکاری کے لیے شہرت رکھتی ہیں، نے کہا کہ شوبز میں کام کرنے والی خواتین کو آج بھی شک کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔ ان کے مطابق لوگ اداکاراؤں کے ساتھ تعلق جوڑنے یا انہیں اپنی بیوی یا بہو کے طور پر قبول کرنے میں ہچکچاہٹ محسوس کرتے ہیں۔انہوں نے مزید انکشاف کیا کہ ماموں، چچا، خالائیں جیسے قریبی رشتہ دار صرف اس بنیاد پر تعلق ختم کر لیتے ہیں کہ لڑکی نے اداکاری کو بطور پیشہ اپنایا ہے۔
نوشین نے بتایا کہ ان کے کیریئر کے آغاز پر ان کی والدہ نے بھی مخالفت کی تھی، لیکن وقت گزرنے کے ساتھ اُنہوں نے نہ صرف بیٹی کی محنت کو سراہا بلکہ آج وہ نوشین کی سب سے بڑی حوامی ہیں۔اداکارہ کا کہنا تھا کہ خواتین کو اپنے خوابوں کی تکمیل کے لیے بہت سی رکاوٹوں سے گزرنا پڑتا ہے، لیکن اگر گھر والوں کا ساتھ ہو تو ہر مشکل آسان ہو جاتی ہے۔