پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی معروف اداکارہ یشما گل نے انکشاف کیا ہے کہ شوبز کی دنیا میں قدم رکھنے کے بعد ان کے والد تقریباً ایک سال تک ان سے ناراض رہے اور بات چیت بند رکھی۔
یشما گل نے اپنا کیریئر آسٹریلیا میں تعلیم مکمل کرنے کے بعد وطن واپس آ کر شروع کیا۔ ان کا کہنا ہے کہ شوبز کی دنیا نے ہمیشہ انہیں اپنی طرف متوجہ کیا، اور اسی لیے انہوں نے اداکاری کو اپنا پیشہ منتخب کیا۔ آج وہ ڈرامہ انڈسٹری میں ایک مضبوط مقام رکھتی ہیں اور کامیابی کی جانب گامزن ہیں۔حال ہی میں ایک نجی چینل کی رمضان ٹرانسمیشن میں مہمان کے طور پر شریک ہوتے ہوئے انہوں نے اپنے کیریئر کے ابتدائی دنوں اور نجی زندگی کے اہم پہلو شیئر کیے۔ اداکارہ کے مطابق ان کے والد شوبز انڈسٹری کے بارے میں عمومی تاثر کی وجہ سے اس پیشے کے خلاف تھے۔ جب انہوں نے باقاعدہ اداکاری شروع کی تو والد نے تقریباً ایک سال تک ان سے گفتگو نہیں کی۔یشما گل نے بتایا کہ ایک سال بعد رمضان المبارک کے دوران انہوں نے والد کو سلام کیا، جس پر والد نے جواب دیا اور یوں دونوں کے درمیان برف پگھلنا شروع ہوئی۔
بعد ازاں اداکارہ نے عمرہ ادا کرنے کا ارادہ کیا تو والد کو ساتھ چلنے کی درخواست کی، اور والد ان کے ہمراہ گئے۔اداکارہ کے مطابق اس سفر کے دوران والد نے دیکھا کہ لوگ ان کی بیٹی کو پیشے کی وجہ سے عزت اور احترام دے رہے ہیں، جس سے ان کے نقطۂ نظر میں تبدیلی آئی اور انہیں احساس ہوا کہ ان کی بیٹی صحیح راستے پر ہے۔ اسی تجربے کے بعد دونوں کے تعلقات میں بہتری آئی اور وہ ایک دوسرے کے قریب آگئے۔یشما گل کی یہ گفتگو سوشل میڈیا پر بھی مداحوں کی توجہ حاصل کر رہی ہے، جہاں صارفین نے ان کی خاندانی مفاہمت اور والد کے ساتھ تعلقات کی مضبوطی کو سراہا ہے۔