کوئی شرم کوئی حیا ہوتی ہے اپوزیشن عمران کے بجائے پاکستان کی بقا ء کیلئے جنگ لڑے خواجہ آصف

جعفر ایکسپریس  حملے  پر پی ٹی آئی کا پروپیگنڈا  انتہائی شرمناک ہے،  سوشل میڈیا نے دہشت گردوں کو کریڈٹ دیا،   جنرل باجوہ اور فیض حمید بریفنگ دے رہے تھے  دہشت گردوں کو بسانا اچھا ہے

 غلطیوں کا اعتراف کرنے تک آگے نہیں بڑھ سکتے‘عمرایوب شوکت عزیز کا اتنا بڑا مالشیا تھا  آبپارہ چوک کے مالشیوں سے بھی آگے تھا، یہ جنرل پرویزمشرف کا بھی مالشیا تھا:قومی اسمبلی میں خطاب

   اسلام آباد (آئی این پی )وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے  جس طرح سے ہماری  افواج نے  جعفر ایکسپریس  پر حملے   میں ملوث  تمام دہشت گردوں سے نمٹا لیکن  یہ دہشت گردی کی جنگ میں اہم سنگ میل ہے  ،لیکن پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا نے دہشت گردوں کو کریڈٹ دیا،   پی ٹی آئی کا  اس معاملے پر  پروپیگنڈا   انتہائی شرمناک ہے،جو لوگ سیاست کے لیے اپنا باپ بدل سکتے ہیں، ان کی کیا سیاسی اخلاقیات ہوں گی۔ جمعرات کو قومی اسمبلی اجلاس میں اظہار خیال   کرتے ہوئے وزیر دفاع  نے کہا جس طرح سے پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا نے بیان کیا، کہا گیا کہ دہشت گردوں نے یرغمالیوں کو خود چھوڑا، فوج نے انہیں نہیں چھڑایا، ان کے بیرون ملک بیٹھے افراد نے یہ پروپیگنڈا کیا، ان کے جانے مانے بھگوڑے لوگ بیرون ملک بیٹھے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ہمیں ان لوگوں نے فارم 47 کا طعنہ دیا، جو مارشل لا کی پیداوار ہیں، پی ٹی آئی کی 4 سال حکومت رہی، یہاں جنرل باجوہ اور فیض حمید بریفنگ دے رہے تھے کہ دہشت گردوں کو بسانا اچھا ہے۔وزیر دفاع نے کہا کہ ان بھگوڑوں کے نام کیوں لوں میں جو ملک میں بیٹھ کر اپنا دفاع نہیں کرسکتے، ایسے لوگ بات کرتے ہیں جو مارشل لائوں کی پیداوار ہیں، ایک مارشل لا سے تعلق رہا اس کی معافی مانگی  ،کوئی شرم ہوتی ہے، کوئی حیا ہوتی ہے ایسے نہ کریں۔خواجہ آصف نے کہا کہ  جنرل باجوہ، جنرل فیض بریفنگ دے رہے تھے کہ دہشت گردوں کو بسانا ملک کی بہتری کیلئے ہے، غلطیوں کا اعتراف کرنے تک آگے نہیں بڑھ سکتے، آج بھی موقع ہے کہ آگے بڑھیں، کیا کرم میں امن ہوا، کیا دہشت گردوں کے خلاف کوئی حملہ ہوا، بلوچستان میں سرفراز بگٹی ڈٹ کے کھڑا ہے، آپ تو دہشت گردوں کے خوف سے بیان نہیں دیتے۔ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان حادثہ ایسا تھا جس نے پوری قوم کو متحد ہونے کا پیغام دیا، افسوس اس بات پر ہے کہ ریلوے پر حملہ کرنے والوں کو کامیاب قرار دیا گیا، پی ٹی آئی سوشل میڈیا نے بیانیہ بنایا کہ جو لوگ بازیاب ہوئے وہ دہشتگردوں نے خود چھوڑے۔انہوں نے کہا کہ فوج نے مغوی لوگوں کو رہا کرنے میں اہم ترین کردار ادا کیا، فوج کی کامیابی کو ناکامی دکھانے کی کوشش کی گئی۔۔خواجہ آصف نے عمرایوب کو مالشیا قرار دے دیا، انہوں نے کہا  عمرایوب شوکت عزیز کا اتنا بڑا مالشیا تھا کہ آبپارہ چوک کے مالشیوں سے بھی آگے تھا، یہ جنرل پرویزمشرف کا بھی مالشیا تھا۔ پی ٹی آئی ارکان نے طنز کیا کہ آج آپ بڑھ چڑھ کر مالشیے بنے ہوئے ہیں، پی ٹی آئی ارکان کے طعنے پر خواجہ آصف بھی ہنسے۔وزیر دفاع نے کہا کہ  کچھ دن پہلے ایک فوجی افسر کے جنازے پر گیا، یہ اقتدار کی جنگ کیلئے تیار ہیں، یہ دہشت گردی کے خلاف جنگ کیلئے تیار نہیں ہیں، یہ کہتے ہیں خان نہیں تو پاکستان نہیں، اس کی خاتون کی ریکارڈنگ سنا دیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ  کیا اچھا ہوتا اپوزیشن لیڈر معاشی بہتری کی تعریف کرتے، اپوزیشن لیڈر مسلح افواج کی قربانیوں کی تعریف کرتے، ان سب نے باجوہ کو باپ بنایا ہوا تھا