شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن نے چین کی عوامی سیاسی مشاورتی کانفرنس (سی پی پی سی سی) کی قومی کمیٹی کے چیئرمین وانگ ہننگ سے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان روایتی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ پر اتفاق کیا گیا۔
شمالی کوریا کے سرکاری میڈیا کے مطابق یہ ملاقات دارالحکومت پیانگ یانگ میں ہوئی، جہاں دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور، دوطرفہ تعلقات اور علاقائی صورتحال پر تبادلۂ خیال کیا۔ملاقات کے دوران کم جونگ اُن اور وانگ ہننگ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ شمالی کوریا اور چین کے درمیان تاریخی دوستی کو مزید مضبوط بنایا جائے گا اور اقتصادی، سیاسی و دیگر شعبوں میں تعاون کو وسعت دی جائے گی۔اس موقع پر وانگ ہننگ نے کہا کہ چین، کم جونگ اُن کی قیادت میں شمالی کوریا کے سوشلسٹ نظام کی حمایت جاری رکھے گا اور دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید فروغ دینے کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔مبصرین کے مطابق یہ ملاقات ایسے وقت میں ہوئی ہے جب خطے میں جغرافیائی و سیاسی تبدیلیاں تیزی سے رونما ہو رہی ہیں، اور چین و شمالی کوریا اپنے قریبی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔