شمالی کوریا نے سمندر کی جانب متعدد شارٹ رینج بیلسٹک میزائل فائر کیے، جس کے بعد جنوبی کوریا میں ہائی الرٹ کردیا گیا۔
جنوبی کوریا کے جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کے مطابق میزائل مشرقی ساحلی علاقے وونسان کے قریب سے ہفتے کی صبح تقریباً 5 بج کر 20 منٹ پر فائر کیے گئے، جنہوں نے تقریباً 250 کلومیٹر کا فاصلہ طے کیا۔جنوبی کوریا اور امریکی انٹیلی جنس حکام نے میزائل لانچنگ کی نگرانی کی جبکہ متعلقہ معلومات جاپان کے ساتھ بھی شیئر کی گئیں۔ میزائلوں کی نوعیت اور تکنیکی تفصیلات کا جائزہ جاری ہے۔میزائل تجربے کے بعد جنوبی کوریا کے صدارتی نیشنل سیکیورٹی آفس نے ہنگامی اجلاس طلب کیا، جس میں وزارت دفاع، جوائنٹ چیفس آف اسٹاف اور دیگر متعلقہ اداروں کے حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں ملکی سلامتی پر ممکنہ اثرات اور آئندہ اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔جنوبی کوریا نے شمالی کوریا سے بیلسٹک میزائل تجربات فوری طور پر روکنے کا مطالبہ کرتے ہوئے انہیں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزی قرار دیا۔
امریکی پیسیفک کمانڈ نے بھی میزائل لانچنگ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ابتدائی جائزے کے مطابق میزائلوں سے امریکی اہلکاروں، علاقے یا اتحادیوں کو فوری خطرہ لاحق نہیں ہوا، تاہم امریکا اپنے اتحادیوں کے دفاع کے لیے پرعزم ہے۔یہ تجربہ جنوبی کوریا، امریکا اور جاپان کی مشترکہ فوجی مشقوں کے اختتام کے ایک روز بعد کیا گیا ہے۔ گزشتہ ماہ بھی شمالی کوریا نے 10 سے زائد شارٹ رینج بیلسٹک میزائل فائر کیے تھے۔