واشنگٹن: امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ اتوار کو فیفا ورلڈ کپ 2026ء کا فائنل اسٹیڈیم میں بیٹھ کر دیکھیں گے۔
وائٹ ہاؤس نے تصدیق کی ہے کہ صدر نیویارک، نیو جرسی اسٹیڈیم میں ارجنٹینا اور اسپین کے درمیان کھیلے جانے والے فیصلہ کن مقابلے میں شریک ہوں گے۔وائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری کیرولین لیویٹ نے جمعرات کو پریس بریفنگ کے دوران بتایا کہ صدر ٹرمپ ورلڈ کپ کے فائنل میں شرکت کے منتظر ہیں اور اسے امریکا کے لیے ایک تاریخی اسپورٹس ایونٹ قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ یہ ٹورنامنٹ امریکی تاریخ کا سب سے زیادہ دیکھا جانے والا، سب سے محفوظ اور سب سے کامیاب فیفا ورلڈ کپ ثابت ہوا ہے، جبکہ صدر کی موجودگی اس عالمی ایونٹ کے شاندار اختتام کا حصہ ہوگی۔کیرولین لیویٹ کے مطابق ابھی یہ واضح نہیں کہ صدر ٹرمپ فائنل میں ارجنٹینا یا اسپین میں سے کس ٹیم کی حمایت کریں گے۔انہوں نے مزید بتایا کہ صدر ٹرمپ جمعے کو نیویارک سٹی میں واقع ٹرمپ ٹاور میں فیفا کی جانب سے منعقدہ استقبالیہ تقریب میں بھی شرکت کریں گے، جہاں عالمی فٹبال شخصیات اور دیگر معزز مہمان موجود ہوں گے۔
یاد رہے کہ فیفا کے صدر جیانی انفانٹینو اس سے قبل اعلان کر چکے ہیں کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ 19 جولائی کو ہونے والے ورلڈ کپ فائنل کے بعد فاتح ٹیم کو ٹرافی بھی پیش کریں گے۔واضح رہے کہ فیفا ورلڈ کپ 2026ء کا فائنل اتوار کو ارجنٹینا اور اسپین کے درمیان کھیلا جائے گا، جبکہ تیسری پوزیشن کے لیے ہفتے کی شب انگلینڈ اور فرانس کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔