یوگنڈا: اسکول بس چٹان سے ٹکرا کر الٹ گئی، 20 بچے جان سے گئے

یوگنڈا: اسکول بس چٹان سے ٹکرا کر الٹ گئی، 20 بچے جان سے گئے

یوگنڈا میں ایک افسوسناک ٹریفک حادثے کے نتیجے میں کم از کم 20 بچے جان کی بازی ہار گئے، جبکہ متعدد افراد زخمی ہو گئے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب بچوں سے بھری ایک اسکول بس دارالحکومت کمپالا کی جانب جا رہی تھی۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق ڈرائیور گاڑی پر قابو نہ رکھ سکا، جس کے باعث بس سڑک کنارے موجود ایک بڑی چٹان سے ٹکرا کر الٹ گئی۔مقامی پولیس نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ حادثے میں بچوں کے علاوہ ایک بالغ شخص بھی جاں بحق ہوا، جبکہ کئی زخمیوں کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔حادثے کے بعد امدادی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر ریسکیو کارروائیاں شروع کیں اور زخمیوں کو قریبی طبی مراکز منتقل کیا۔

حکام کے مطابق حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں، تاہم ابتدائی طور پر ڈرائیور کے گاڑی پر کنٹرول کھونے کو حادثے کی ممکنہ وجہ قرار دیا جا رہا ہے۔واضح رہے کہ یوگنڈا میں ٹریفک حادثات ایک بڑا مسئلہ سمجھے جاتے ہیں، جہاں خراب سڑکیں، گاڑیوں کی حالت اور ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کی کمی کے باعث اکثر جان لیوا حادثات پیش آتے رہتے ہیں۔