بالی ووڈ کی معروف اداکارہ کترینہ کیف نے فلمی دنیا کے ساتھ ساتھ کاروباری میدان میں بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا دیا ہے۔
ان کا بیوٹی برانڈ 'کے بیوٹی' (Kay Beauty) مختصر عرصے میں بھارت کے کامیاب کاسمیٹکس برانڈز میں شامل ہو گیا ہے، جس کی مجموعی فروخت 350 کروڑ بھارتی روپے تک پہنچ گئی ہے۔کترینہ کیف نے 2019 میں بھارت کے معروف بیوٹی ریٹیلر نائیکا (Nykaa) کے ساتھ شراکت داری کرتے ہوئے 'کے بیوٹی' کے نام سے اپنا میک اپ اور بیوٹی برانڈ متعارف کرایا تھا۔ ابتدا میں ناقدین کا خیال تھا کہ یہ برانڈ صرف اداکارہ کی شہرت کی وجہ سے مقبول ہوگا، تاہم چند ہی برسوں میں اس نے اپنی منفرد شناخت بنا لی۔تازہ ترین مالیاتی اعداد و شمار کے مطابق مالی سال 2026 میں 'کے بیوٹی' کی مجموعی فروخت 350 کروڑ بھارتی روپے تک پہنچ گئی، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں تقریباً 46 فیصد زیادہ ہے۔ اس نمایاں ترقی نے برانڈ کو بھارتی بیوٹی انڈسٹری کے نمایاں ناموں میں شامل کر دیا ہے۔کترینہ کیف نے اپنے برانڈ کو صرف بھارت تک محدود نہیں رکھا بلکہ برطانیہ اور مشرقِ وسطیٰ کی مارکیٹس میں بھی متعارف کرایا، جہاں صارفین کی جانب سے اسے مثبت پذیرائی ملی۔
ماہرین کے مطابق 'کے بیوٹی' کی کامیابی کی بڑی وجہ صرف کترینہ کیف کی شہرت نہیں بلکہ مصنوعات کے معیار، مناسب قیمتوں اور صارفین کی ضروریات کو مدنظر رکھ کر تیار کی گئی حکمت عملی ہے۔ برانڈ کی مصنوعات خاص طور پر جنوبی ایشیا کے موسم، جلد کی مختلف رنگتوں اور مقامی صارفین کی ضروریات کو سامنے رکھتے ہوئے تیار کی گئی ہیں۔برانڈ کی تشہیر کے لیے روایتی اشتہارات کے ساتھ ساتھ سوشل میڈیا، ڈیجیٹل مارکیٹنگ اور انفلوئنسرز کا مؤثر استعمال کیا گیا، جبکہ مصنوعات کی قیمتیں بھی لگژری برانڈز کے مقابلے میں نسبتاً مناسب رکھی گئیں۔ماہرین کا کہنا ہے کہ نائیکا کے مضبوط ڈسٹری بیوشن نیٹ ورک سے شراکت داری نے بھی 'کے بیوٹی' کو کروڑوں صارفین تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا، جس کے نتیجے میں یہ برانڈ مختصر مدت میں غیر معمولی تجارتی کامیابی حاصل کرنے میں کامیاب رہا۔