پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ، ڈیجیٹل کریئیٹر اور ڈانسر مہر بانو نے انکشاف کیا ہے کہ اس وقت ٹی وی پر نشر ہونے والے متعدد ڈراموں کے اسکرپٹس مصنوعی ذہانت (AI) کی مدد سے تیار کیے جا رہے ہیں، جس سے پیشہ ور مصنفین کی محنت اور تخلیقی صلاحیتوں کی قدر کم ہو رہی ہے۔
حالیہ گفتگو کے دوران مہر بانو نے کہا کہ لوگوں کو اندازہ ہی نہیں کہ کتنے ٹی وی ڈراموں کے اسکرپٹس AI کے ذریعے لکھے جا رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ وہ خود بھی ایک ایسے منصوبے کا حصہ رہ چکی ہیں جہاں مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ اسکرپٹ استعمال کیا گیا۔اداکارہ نے کہا کہ ان کے نزدیک یہ ان پروفیشنل رائٹرز کے ساتھ ناانصافی ہے جنہوں نے برسوں کی محنت سے ڈرامہ انڈسٹری کو مضبوط بنایا۔ ان کا کہنا تھا کہ اسی صورتحال سے دل برداشتہ ہو کر انہوں نے کام کم کر دیا کیونکہ وہ موجودہ حالات سے شدید مایوس ہیں۔مہر بانو نے گفتگو کے دوران ڈرامہ انڈسٹری میں خواتین کو درپیش مسائل پر بھی اظہارِ خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ می ٹو تحریک کے بعد بھی خواتین کے لیے کام کی جگہ مکمل طور پر محفوظ نہیں بن سکی۔
ان کا کہنا تھا کہ کام کی جگہ پر خواتین کو اب بھی مختلف مسائل کا سامنا رہتا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے برسوں ایسے افراد کے ساتھ کام کیا جن کا رویہ مناسب نہیں تھا، جبکہ سیٹ پر نوجوان لڑکیوں کے ساتھ پیش آنے والے بعض واقعات انتہائی تکلیف دہ تھے۔اداکارہ نے کہا کہ ان کی دعا ہے کہ کسی بھی لڑکی کو کبھی ایسے حالات کا سامنا نہ کرنا پڑے اور شوبز انڈسٹری میں ہر فرد کے لیے ایک محفوظ، باوقار اور پیشہ ورانہ ماحول یقینی بنایا جائے۔