پاکستان ڈرامہ انڈسٹری کی ابھرتی ہوئی اداکارہ دنانیر مبین، جو "پارٹی ہو رہی ہے" کے مشہور ڈائیلاگ سے شہرت کی بلندیوں تک پہنچیں، اب فلمی دنیا میں بھی قدم رکھنے جا رہی ہیں۔
دنانیر مبین نے اپنے اداکاری کی سفر کا آغاز ڈرامہ سیریل "صنفِ آہن" سے کیا، جس میں ان کی پرفارمنس کو ناظرین اور تنقید نگاروں کی جانب سے سراہا گیا۔ اس کے بعد انہوں نے "محبت گمشدہ میری"، "ویری فلمی" اور "میم سے محبت" جیسے ڈراموں میں اپنی اداکاری سے لاکھوں دل جیتے۔ "میم سے محبت" میں ان کی پرفارمنس خاص طور پر ناظرین کے دلوں میں گھر کر گئی۔اب دنانیر، جو ٹی وی کی دنیا میں کامیاب ہو چکی ہیں، فلم کی دنیا میں انٹری دینے جا رہی ہیں۔ ان کی پہلی فلم "بہناز" ایک اسپورٹس بیسڈ پروجیکٹ ہے جو خواتین کی فٹبال پر مبنی ایک متاثر کن کہانی پر مشتمل ہو گی۔ فلم میں دنانیر ایک نوجوان لڑکی کا کردار ادا کریں گی جو فٹبال کے میدان میں اپنی مشکلات اور رکاوٹوں کو عبور کر کے اپنے خواب کو حقیقت بناتی ہے۔
فلم کی ہدایتکاری ابو علیحہ کر رہے ہیں، جنہوں نے اس سے قبل "ککڑی"، "سپر پنجابی" اور "ٹکسالی گیٹ" جیسے معاشرتی موضوعات پر کام کیا ہے۔ فلم میں عائشہ عمر بھی اہم کردار میں نظر آئیں گی، جو فٹبال کوچ کے طور پر دنانیر کے کردار کی رہنمائی کرتی دکھائی دیں گی۔دنانیر مبین اپنے کردار کی تیاری کے لیے سنجیدہ ہیں اور انہوں نے فٹبال کی باقاعدہ تربیت بھی شروع کر دی ہے تاکہ وہ فلم میں حقیقت کا رنگ بھر سکیں اور ناظرین کو اپنے کردار سے جڑنے کا موقع مل سکے۔