جعلی سی سی ڈی اہلکار بننے والے 3 ملزمان سی سی ڈی ملتان کے ہتھے چڑھ گئے

جعلی سی سی ڈی اہلکار بننے والے 3 ملزمان سی سی ڈی ملتان کے ہتھے چڑھ گئے

ملتان: ضلع خانیوال کے علاقے پیرووال میں خود کو سی سی ڈی اہلکار ظاہر کر کے شہریوں کو لوٹنے والے تین نوسربازوں کو سی سی ڈی ملتان نے گرفتار کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق ملزمان شہریوں کو سستی اشیاء فروخت کرنے کا لالچ دے کر گھروں یا مخصوص مقامات پر بلاتے تھے، جہاں وہ خود کو سی سی ڈی اہلکار ظاہر کرتے ہوئے کارروائی کا ڈرامہ رچاتے اور شہریوں سے نقد رقم اور قیمتی سامان ہتھیا لیتے تھے۔گرفتار ہونے والے ملزمان کی شناخت احسان حیدر عرف شانی، حمزہ اور غضنفر کے ناموں سے ہوئی ہے۔ حکام کے مطابق ملزمان ایک واردات کے دوران اصلی سی سی ڈی ملتان کی ٹیم کے ہاتھوں گرفتار ہوئے۔سی سی ڈی خانیوال کے مطابق ابتدائی تفتیش میں ملزمان نے متعدد وارداتوں کا انکشاف کیا ہے، جبکہ ان کے دیگر ساتھیوں اور مزید جرائم سے متعلق تحقیقات جاری ہیں۔پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے، جبکہ شہریوں سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ کسی بھی شخص کی شناخت کی تصدیق کیے بغیر اس پر اعتماد نہ کریں اور مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع قانون نافذ کرنے والے اداروں کو دیں۔