ریونیو بورڈ، پیرا ، رنگ روڈ اتھارٹی ودیگر محکموں کے کامیاب امیدواروں کا نوٹیفکیشن
لاہور(خصوصی رپورٹ)پنجاب پبلک سروس کمیشن نے پنجاب ریونیو اتھارٹی، بورڈ آف ریونیو پنجاب (ڈیزاسٹر مینجمنٹ ڈیپارٹمنٹ)، پنجاب انفورسمنٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی (پیرا)، پنجاب رنگ روڈ اتھارٹی اور دیگر محکموں کی مختلف اسامیوں کے تحریری اور حتمی نتائج کا اعلان کر دیا ہے۔ سیکرٹری پنجاب پبلک سروس کمیشن افضال احمد نے کامیاب امیدواروں کے نوٹیفکیشن جاری کر دئیے ہیں۔ پنجاب پبلک سروس کمیشن نے حکومت پنجاب کے مختلف محکموں کی اسامیوں کے تحریری اور حتمی نتائج کا اعلان کر دیا ہے۔ ترجمان پنجاب پبلک سروس کمیشن کے مطابق بورڈ آف ریونیو پنجاب (ڈیزاسٹر مینجمنٹ ڈیپارٹمنٹ) میں آئی ٹی منیجر کی ایک اسامی کے لیے 6 امیدوار تحریری امتحان میں کامیاب قرار پائے ہیں اور انہیں انٹرویو کے لیے شارٹ لسٹ کیا گیا ہے۔پنجاب ریونیو اتھارٹی میں ایڈمن آفیسر کی 4 اسامیوں کے لیے 18 امیدوار تحریری امتحان میں کامیاب ہوئے ہیں اور انہیں انٹرویو کے لیے طلب کیا جائے گا۔پنجاب پبلک سروس کمیشن نے پنجاب انفورسمنٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی (پیرا) کی مختلف اسامیوں کے حتمی نتائج کا بھی اعلان کیا ہے۔ ضلع شیخوپورہ میں سارجنٹ کی 14 اسامیوں کے لیے 14 امیدوار حتمی طور پر کامیاب قرار پائے ہیں۔ضلع تلہ گنگ میں سارجنٹ کی 4 اسامیوں کے لیے 4 امیدوار حتمی طور پر کامیاب ہوئے ہیں۔ضلع گوجرانوالہ میں سارجنٹ کی 14 اسامیوں کے لیے 11 امیدوار حتمی طور پر کامیاب قرار پائے ہیں جبکہ 3 اسامیاں موزوں امیدواروں کی عدم دستیابی کے باعث خالی رہ گئی ہیں۔ضلع ڈیرہ غازی خان میں سارجنٹ کی 6 اسامیوں کے لیے 6 امیدوار حتمی طور پر کامیاب قرار پائے ہیں۔ضلع اٹک میں سارجنٹ کی 17 اسامیوں کے لیے 3 امیدوار حتمی طور پر کامیاب ہوئے ہیں جبکہ 14 اسامیاں موزوں امیدواروں کی عدم دستیابی کے باعث خالی رہ گئی ہیں۔پنجاب رنگ روڈ اتھارٹی میں آفس اسسٹنٹ کی 12 اسامیوں کے لیے 8 امیدوار حتمی طور پر کامیاب قرار پائے ہیں۔ ایک آسامی خواتین کوٹہ سے اوپن میرٹ پر منتقل کی گئی جبکہ 4 اسامیاں، جن میں خواتین اور اقلیتی کوٹہ کی اسامیاں بھی شامل ہیں، موزوں امیدواروں کی عدم دستیابی کے باعث خالی رہ گئیں۔تحریری امتحان میں کامیاب امیدواروں کو انٹرویو کے لیے کال لیٹرز پنجاب پبلک سروس کمیشن کی ویب سائٹ پر جلد اپ لوڈ کیے جائیں گے جبکہ امیدواروں کو ایس ایم ایس اور ای میل کے ذریعے بھی آگاہ کیا جائے گا۔ امیدواروں کے لیے ضروری ہے کہ وہ انٹرویو کے وقت اصل تعلیمی اسناد اور دیگر متعلقہ دستاویزات ہمراہ لائیں۔ کامیاب امیدواروں کی تفصیلات پنجاب پبلک سروس کمیشن کی ویب سائٹ پر بھی دستیاب ہیں