لاہور(خصوصی رپورٹ)پنجاب پبلک سروس کمیشن نے ایکسائز، ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول، لیبر اینڈ ہیومن ریسورس، جیل خانہ جات، سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال سمیت مختلف محکموں میں اسامیوں کے تحریری اور حتمی نتائج کا اعلان کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ایکسائز، ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول ڈیپارٹمنٹ (ڈائریکٹوریٹ جنرل آف نارکوٹکس کنٹرول / پنجاب کاؤنٹر نارکوٹکس فورس) میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر (لیگل) کی 7 اسامیوں کے لیے تحریری امتحان کے بعد 31 امیدواروں کو انٹرویو کے لیے اہل قرار دیا گیا ہے۔ لیبر اینڈ ہیومن ریسورس ڈیپارٹمنٹ کے تحت پنجاب ایمپلائز سوشل سکیورٹی انسٹی ٹیوشن میں لا آفیسر کی ایک اسامی کے لیے تحریری امتحان کے نتیجے میں 5 امیدوار انٹرویو کے لیے اہل قرار پائے ہیں۔ اسی طرح محکمہ جیل خانہ جات میں لا آفیسر کی 5 اسامیوں کے لیے 20 امیدوار تحریری امتحان میں کامیاب ہوئے ہیں جنہیں انٹرویو کے لیے طلب کیا جائے گا۔پنجاب پبلک سروس کمیشن نے سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال ڈیپارٹمنٹ میں اسسٹنٹ کی اسامیوں کے لیے حتمی نتائج کا اعلان کرتے ہوئے 5 امیدواروں کو کامیاب قرار دیا ہے۔