98 ہزار کے ای چالان، فورچونر گاڑی پکڑی گئی

 جرمانہ ادا کرنے پر گاڑی چھوڑ دی گئی، ٹریفک قوانین پر عمل کی ہدایت
لاہور (کرائم رپورٹر) لاہور ٹریفک پولیس نے ای چالان نادہندہ گاڑیوں کے خلاف کریک ڈاؤن مزید تیز کر دیا۔ لوئر مال میں کارروائی کے دوران 98 ہزار 500 روپے کے واجب الادا ای چالان رکھنے والی فورچونر گاڑی کو روک لیا گیا۔ ٹریفک انسپکٹر غلام مصطفیٰ ورک کے مطابق ریکارڈ کی جانچ پر معلوم ہوا کہ گاڑی نے چار مرتبہ ٹریفک سگنل کی خلاف ورزی کی جبکہ متعدد بار لین لائن کی خلاف ورزیاں بھی ریکارڈ ہوئیں، جس پر مجموعی طور پر 98 ہزار 500 روپے کے ای چالان واجب الادا تھے۔ ٹریفک پولیس کے مطابق جرمانے کی مکمل ادائیگی کے بعد گاڑی کو چھوڑ دیا گیا۔ سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے کہا کہ شہر میں 20 سے زائد ٹریفک خلاف ورزیوں پر اے این پی آر کیمروں کی مدد سے ای چالان جاری کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ جرمانوں سے بچنے اور محفوظ سفر کو یقینی بنانے کے لیے ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل کریں