پشاور میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن خیبرپختونخوا اسمبلی عبدالغنی آفریدی نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رکن صوبائی اسمبلی جلال خان کی شہریت اور آئینی اہلیت پر سوالات اٹھاتے ہوئے اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی کو باضابطہ خط ارسال کر دیا ہے۔
عبدالغنی آفریدی نے اپنے خط میں مؤقف اختیار کیا کہ جلال خان کی شہریت اور ان کی آئینی و قانونی اہلیت سے متعلق سنجیدہ خدشات موجود ہیں، جن کی شفاف، غیرجانبدار اور مکمل تحقیقات کی جانی چاہییں۔انہوں نے اسپیکر سے مطالبہ کیا کہ معاملے کو متعلقہ فورم پر بھیجا جائے اور الیکشن کمیشن سمیت متعلقہ اداروں کو ریفرنس یا مراسلہ ارسال کیا جائے تاکہ جلال خان کی شہریت اور اسمبلی رکنیت کی قانونی حیثیت کا جائزہ لیا جا سکے۔پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ اگر تحقیقات میں یہ ثابت ہو جائے کہ جلال خان آئینی طور پر رکن اسمبلی بننے کے اہل نہیں تھے تو ان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔عبدالغنی آفریدی کا مزید کہنا تھا کہ وہ اپنے مؤقف پر قائم ہیں اور اس معاملے میں متعلقہ اداروں کی ہر قانونی تحقیق میں مکمل تعاون کرنے کے لیے تیار ہیں۔