پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن پنجاب اسمبلی امتیاز محمود شیخ نے اسپیکر پنجاب اسمبلی کی جانب سے ان کی رکنیت 15 اجلاسوں کے لیے معطل کرنے کے فیصلے کو لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کر دیا۔
امتیاز محمود شیخ نے اپنے وکیل اظہر صدیق ایڈووکیٹ کے ذریعے دائر درخواست میں پنجاب حکومت، گورنر پنجاب، اسپیکر پنجاب اسمبلی سمیت دیگر کو فریق بنایا ہے۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ اسمبلی اجلاس کے دوران چار قوانین کی منظوری کے وقت انہوں نے کورم کی نشاندہی کی تھی، جس کے بعد اسپیکر نے اسمبلی رولز 4 اور 5 کا غلط استعمال کرتے ہوئے ان کی رکنیت معطل کر دی۔درخواست میں استدعا کی گئی کہ اسپیکر کا معطلی کا اقدام کالعدم قرار دیا جائے اور درخواست گزار کی رکنیت بحال کرنے کا حکم دیا جائے۔
واضح رہے کہ اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے ایوان میں ہنگامہ آرائی، نعرے بازی، دھکم پیل اور دستاویزات پھاڑنے پر اپوزیشن کے 26 ارکان کو 15 اجلاسوں کے لیے معطل کرنے کا اعلان کیا تھا۔ اسپیکر نے کہا تھا کہ احتجاج کا حق تسلیم ہے لیکن یہ آئین، قانون اور قواعد کے تحت ہونا چاہیے، ایوان کی حرمت اور نظم و ضبط کو ہر صورت برقرار رکھا جائے گا۔